شکارپور – ڈاکوؤں نے پولیس ناکے پر حملہ کر کے ایس ایچ او سمیت 5 اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خانپور کے علاقے کچے کوٹ شاہو میں ڈاکوؤں نے پولیس ناکے پر حملہ کر کے ایس ایچ او کوٹ شاہو محبوب بروہی، ہیڈ محرر سمیت تمام اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم اغوا کار پولیس اہلکاروں کو لے کر کچے کے علاقے میں فرار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شکارپور پولیس میں بھگدڑ مچ گئی اور کوٹ شاہو کچے کے علاقے میں بھاری نفری طلب کر لی گئی۔
دریں اثناء نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے شکارپور میں ایس ایچ او کوٹ شاہو سمیت 5 اہلکاروں کے اغوا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو شکارپور پہنچ کر مغویوں کو بازیاب کرانے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈاکوؤں کو اغوا کر کے لے جائیں تو عوام کی حفاظت کا اللہ ہی حافظ ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا جنگل کا قانون کام کر رہا ہے یا پولیس سوئی ہوئی ہے۔ ایس ایس پیز اور ڈی آئی جی گھروں میں بیٹھ کر پولیسنگ کرتے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس صوبے اور یہاں کے عوام کو ایسے پولیس افسران کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی شکارپور کو وضاحت دینے کے احکامات جاری کر دیئے۔