دبئی – قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے تیسری بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کرلیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگست 2023ء کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز دیا۔
واضح رہے کہ بابراعظم کو یہ اعزاز تیسری بار ملا ہے۔ بابراعظم جو کہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھی عالمی نمبر ون پوزیشن پر ہیں، کو غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز دیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایشیا کپ کے دوران نیپال کے خلاف میچ میں 151 رنز کی شان دار اننگز کھیلی تھی۔ اس کے علاوہ افغانستان کے خلاف پاکستان کو تین صفر سے کامیابی حاصل ہوئی تھی، جس پر انہیں ٹاپ تھری میں شامل کیا گیا تھا۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ اگست کا مہینہ میری ٹیم اور میرے لیے غیر معمولی رہا کیوں کہ ہم نے کچھ شاندار پرفارمنس دی ہیں جب کہ عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی۔