کولمبو – ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلادیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
بنگلادیش کے 266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری بھارتی ٹیم آخری اوور میں 259 رنز پر آؤٹ ہوگئی، شبمن گل 121 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ اکشر پٹیل 42 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکور رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 3 اور تنظیم حسن اور مہیدی حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ سپر فور مررحلے کا آخری میچ تھا، بھارت اور سری لنکا نے پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا تھا ،دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کافیصلہ کیا تھا ۔
بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے، شکیب الحسن 80 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سپر فور مرحلے کے آج ہونے والے مقابلے کیلئے دونوں ٹیموں میں 5 تبدیلیاں کی گئیں بھارتی ٹیم کی جانب سے ہاردک پانڈیا، ویرات کوہلی اور جسپریت بھمرا جیسے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا۔