اسلام آباد ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔پنجاب اور کیلیفورنیا تجارت،سرمایہ کاری،زراعت ،آئی ٹی تعلیم سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ملکر کام کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کے کرس ہولڈن کی قیادت میں 4رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں اسمبلی ممبران ایلوائس ریئس، مائیک گپسن اور وینڈی کیریلو شامل تھے۔
کیلیفورنیا کے اراکین اسمبلی کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی۔ اس پس منظر میں، 9 جنوری 2023 کو کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان ’سسٹر اسٹیٹ ریزولیوشن‘ پر دستخط ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ پنجاب اور کیلیفورنیا باہمی دلچسپی کے شعبوں بشمول تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے عوام سے عوام کے روابط کو مزید مضبوط بنانے میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے مثبت کردار کو سراہا۔کرس ہولڈن نے وفد کی مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔