صفحہ اول / آرکائیو / کوہاٹ میں پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری، درجنوں گرفتار

کوہاٹ میں پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری، درجنوں گرفتار

کوہاٹ ( باسط گیلانی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کے ترجمان کے مطابق کوہاٹ پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب مزید 10 اشتہاری مجرموں سمیت 430 مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔ سماج دشمن عناصر کے خلاف ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر مسلسل کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اسلحہ ومنشیات کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

انسداد منشیات کے حوالے سے جاری خصوصی مہم میں رواں ہفتے 16 منشیات فروشوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔زیر حراست مشتبہ افراد میں 7 سہولت کار بھی شامل ہیں جنکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

ترجمان کوہاٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شہزادہ عمر عباس بابر کے واضح احکامات کے مطابق ضلع بھر میں مطلوب اشتہاریوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے بڑے پیمانے پر مسلسل کریک ڈاؤن جاری ہے۔

اس سلسلے میں خصوصی مہم کے تحت کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز،اچانک چھاپوں اور کریک ڈاؤن کے تسلسل میں پولیس نے رواں ہفتے قتل واقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب 10 اشتہاریوں سمیت430مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جنکے قبضے سے مجموعی طور پر 3کلاشنکوف،2رائفل،7بندوق،2 ریپیٹر،60پستول، 98 چارجرز اور مختلف بور کے 1500 کارتوس برآمد کرلئےء گئے ہیں۔

کریک ڈاؤن کے دوران زیر حراست افراد میں اشتہاری مجرموں کے 7 سہولت کار بھی شامل ہیں جنکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔منشیات کی سپلائی لائن کو بند کرنے کے سلسلے میں جاری خصوصی مہم کے دوران کوہاٹ پولیس نے رواں ہفتے 230گرام آئس، 16 کلوگرام چرس اور 80 گرام ہیروئن پکڑ کر 16 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا اور انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔

ترجمان کوہاٹ پولیس کے مطابق رواں ہفتے پولیس نے شہر کے 43مقامات پر وقتاًفوقتاً اچانک چیکنگ کی کاروائیوں میں وی وی ایس،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے موقع پر چھوٹی بڑی6000 گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلوں اور12000افراد کا ڈیٹا چیک کیا جن میں 90 افراد کو ضابطہ فوجداری کے دفعات55/109کے تحت حراست میں لیکر چالان عدالت کیا گیاجبکہ نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ 130 موٹر سائیکلیں تحویل میں لیکر مزید چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں بند کردئیے گئے۔

ہوائی فائرنگ کی سدباب کے حوالے سے ڈی پی او کوہاٹ کے احکامات پر ضلع بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران رواں ہفتے ہوائی فائرنگ کے مرتکب 10 افراد کو اسلحہ سمیت حراست میں لیکر پابند سلاسل کیا گیا اور انکے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے