ممبئی – بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو قتل کی متعدد دھمکیوں کا سامنا ہے اور اب انہیں 30 اپریل تک قتل کرنے کی ایک اور دھمکی موصول ہوئی ہے۔ ایک نامعلوم شخص نے ممبئی پولیس اسٹیشن میں دس اپریل کو رات نو بجے کال کی اور اپنا تعارف جودھپور کے روکی بھائی کے نام سے کرایا۔
روکی بھائی نے پولیس کو دھمکی دی کہ وہ 30 اپریل تک سلمان خان کو قتل کردے گا، پولیس نے فوری طور پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے کال کرنے والے کی لوکیشن کا پتہ چلا لیا۔
قتل کی متعدد دھمکیوں کے بعد سلمان خان نے حال ہی میں اپنے لیے ایک بلٹ پروف گاڑی خریدی ہے اور اسے انٹرنیشنل مارکیٹ سے برآمد کرایا کیوں کہ وہ اب تک انڈیا میں لانچ نہیں ہوئی ہے۔
دبنگ اسٹار اپنی نئی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی تشہیر مہم میں مصروف ہیں اور وہ گزشتہ روز ایک تقریب میں اپنی نئی بلٹ پروف گاڑی میں آئے تھے۔
سلمان خان کے ساتھ ان کے ساتھی اداکار شہناز گِل، پوجا ہیگدے، سدھارتھ نگم اور دیگر افراد بھی موجود تھے، فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کو عید الفطر کے موقع پر 21 اپریل کو ریلیز کیا جائے گا۔