لاہور: تحریک انصاف نے لاہور میں اپنی انتخابی ریلی کل تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے ٹویٹ میں پارٹی چیئرمین عمران خان نے لاہور میں انتخابی ریلی کل تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کارکن حکومت کے جال میں نہ پھنسیں،صرف پی ٹی آئی پر پابندی لگائی گئی لاہور میں دیگر سرگرمیاں جاری ہیں، زمان پارک کو کنٹینرلگا کر بند اور پولیس تعینات کردی گئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور پولیس آٹھ مارچ کی طرح تصادم چاہتی ہے، اس طرح کے ہتھکنڈے الیکشن روکنے کی سازش ہے، الیکشن شیڈول کا اعلان ہو چکا، کس طرح دفعہ 144 لگائی جا سکتی ہے؟
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ لوگ خون خرابہ چاہتے ہیں اور ہم انتخابات، ہم نے ان کی چال میں نہیں پھنسنا، یہ چاہتے ہیں کہ ہم مشتعل ہوں اور یہ
اسی ضمن میں ریلی ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور میں میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 8 مارچ کو جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا، گرفتاریاں ہوئیں، لاٹھی چارج ہوا، ظل شاہ کو شہید کیا گیا لیکن ہم چپ رہے اور آج پھر وہ سب کچھ بندوبست کیا گیا ہے اس لیے ہم نے ریلی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی ریلی کو کل تک ملتوی کر رہے ہیں، عمران خان کا حکم ہے ریلی آج نہیں کل نکالی جائے، کل ہم زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی نکالیں گے جس کی قیادت عمران خان کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ لوگ خون خرابہ چاہتے ہیں اور ہم انتخابات، ہم نے ان کی چال میں نہیں پھنسنا، یہ چاہتے ہیں کہ ہم مشتعل ہوں اور یہ کارروائی کریں اور لاشیں گریں اور یہ انتخابات ملتوی کردیں۔