پشاور ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) یو ایس مشن اور انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ (آئی این ایل)کے ایک چھ رکنی وفد نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان سے ملاقات کی۔
وفد کی قیادت امریکی سفیر ڈونلڈ اے بلوم کررہے تھے۔ وفد کے دیگر ارکان میں پشاور قونصلیٹ کے یو ایس قونصل جنرل پنفیلو مارقیز، ڈائریکٹر آئی این ایل مس لوری جے انٹولینز، پولٹیکل اکنامکس سیکشن چیف نک کٹاساکیز، پشاور ریجنل ڈائریکٹر سٹیفن مارینو اور پروگرام کواڈینیٹر احسن علی شامل تھے۔
ملاقات میں آئی این ایل کی جانب سے محکمہ پولیس کی افرادی قوت کی صلاحیتیں بڑھانے کے حوالے سے مختلف سرگرمیو ں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی پولیس سربراہ اختر حیات خان نے وفد کے ارکان کو محکمہ پولیس جوانوں کو فراہم کی جانے والی تربیتی پروگراموں، تفتیش کو سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے لئے جوانوں کو فراہم کی جانے والی تربیت، دہشت گردی سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے کاﺅنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو اور اپ گریڈیشن اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
پولیس سربراہ نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر تھانوں میں خواتین کے مسائل سننے اور حل کرنے کے لیے علیحدہ خواتین ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جو صرف اور صرف خواتین کے مسائل سنتے ہیں اور انہیں حل کرنے کی حتی الوسع کوششیں کی جاتی ہیں۔
وفد کے سربراہ نے پولیس اقدامات بالخصوص دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اور آئی جی پی کو صوبے میں پولیس کے لیے درکار مختلف عمارتیں تعمیر کرنے اور پولیس کو جدید آلات اور سازوں سامان سے آراستہ کرنے اور فورس کی پیشہ ورانہ ضروریات پوری کرنے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
آئی جی پی نے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں پولیسنگ کے معیار کو جد ید دور کے تقاضوں کے مطابق اور وابستہ عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔
آئی جی پی نے وفد کے ارکان کو خصوصی سووینیئر اور یاگاری پولیس شیلڈ بھی پیش کئے۔
ایڈیشنل آئی جی پی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی آئی جی فنانس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صفحہ اول / آرکائیو / پشاور، یو ایس مشن اور آئی این ایل کے چھ رکنی وفد کا آئی جی پی خیبرپختونخواہ سے ملاقات