لاہور( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) وزیراعظم شہبازشریف نے خنجراب پاس دوبارہ کھلنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خنجراب پاس کھلنے سے سی پیک کی رفتار بڑھانے کی راہ میں حائل ایک اور رکاوٹ دور ہو گئی،تین سال بعد پاکستان اور چین میں تجارتی راہداری کی بحالی بڑی خوشی کا لمحہ ہے،ایک فارن فنڈڈ شخص نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کا جرم کیا۔
اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ عظیم آہنی بھائی چین کے ساتھ تجارت کی بحالی خوش آئند ہے،امید ہے کہ تجارتی راہداری کھلنے سے دونوں ممالک میں تجارت میں اضافہ ہوگا،تین سال بعد دونوں ممالک میں تجارتی راہداری کی بحالی بڑی خوشی کا لمحہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جو سفر نومبر 2019 میں رُکا تھا، وہ 2023 میں پھر سے بحال ہوگیا ہے،2018 میں سی پیک جس رفتار پر چھوڑ کر گئے تھے، اسے دوگنا سے زیادہ رفتار سے بڑھانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک قائد محمد نوازشریف اور چین کی عظیم قیادت کا خطے اور عوام کے لئے خوش حالی اور ترقی کا تحفہ ہے،امید ہے کہ دونوں ممالک میں تجارتی سرگرمیوں میں ہر روز اضافہ ہوگا، ایک فارن فنڈڈ شخص نے سی پیک کو متنازعہ بنانے کا جرم کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ چین کی قیادت اور عوام کی پاکستان کے لئے محبت اورتعاون ناقابل فراموش ہے،وزیراعظم نے تجارتی و سفری بحالی پر دونوں ممالک کے حکام اور ٹیم ممبرز کو خراج تحسین پیش کیا۔