صفحہ اول / آرکائیو / سب کیساتھ سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار ہوں، عمران خان

سب کیساتھ سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار ہوں، عمران خان

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان سب سے بات کرتا ہے، کسی سے ’’کٹی‘‘ نہیں کرتا لیکن جو لوگ ملک کا پیسہ چوری کرتے ہیں ان سے کیسے سمجھوتا ہوسکتا ہے؟ جنرل باجوہ نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو این آر او دے دو ، میں کون ہوتا ہوں کہ ان کو عوام کا پیسہ معاف کردوں؟

عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے بات کرنے کیلئے تیار ہوں، مجھے پتا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے میں کون ملوث تھا لیکن پھر بھی حملہ کرنیوالوں کو معاف کرنے کو تیار ہوں۔ نیلسن منڈیلا نے 27 سال جیل میں گزارے ، باہر آئے تو سب کو معاف کردیا، آج پاکستان جدھر کھڑا ہے سب کو اکھٹا ہونا پڑے گا۔

عمران خان نے کہا کہ جب ہماری حکومت گرائی جارہی تھی اس وقت آرمی چیف کو سمجھایا تھا کہ عدم استحکام آئے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ملک کی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے، انڈوں کی قیمت 135 روپے سے 246 روپے درجن ہوگئی ہے، دودھ 116 روپے لیٹرسے 156 روپے لیٹر پر چلا گیا ہے، چکن 280 روپے سے 460 روپے کلو پر چلا گیا ہے، پیٹرول 150 روپے لیٹر سے 268 روپے لیٹر ہوگیا ہے،ٹیوب ویلز پر بجلی یونٹ 8 روپے تھا آج 36 روپے کا ہوگیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھ پر اب تک 74 ایف آئی آرز درج ہوچکی ہیں، ہمارے لوگوں کو کہا گیا ن لیگ میں جاؤ ، مجھ پر کاٹا لگادیا گیا ہے، ظلم اورخوف پھیلاکر تحریک انصاف کوختم کرنے کی کوشش کی گئی، جس طرح میرے لوگ کھڑے ہوئے ہر چیز برداشت کی میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، پشاور میں اتنے لوگ نکل آئے کہ پولیس گرفتار ہی نہیں کرپائی، جیل بھروتحریک میں ہمارے لوگوں پرظلم کیا گیا، دشمنوں جیسا سلوک کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں ان کو 30 سال سے جانتا ہوں یہ معیشت نہیں سنبھال سکتے، ہمارے ساڑھے 3 سال میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 55 روپے گرا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ بڑا شور مچایا گیا تھا کہ ڈالر 200 سے نیچے لایا جائے گا، سیاسی استحکام الیکشن سےآئے گا اس کے بعد معاشی استحکام آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے