صفحہ اول / آرکائیو / سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے بارے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قراردےدیا

سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے بارے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قراردےدیا

اسلام آباد ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن التوا کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قراردےدیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کے 22مارچ 2023کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 30 اپریل تا 15 مئی 2023 دونوں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرائے جائیں۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے منگل کو یہاں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی انتخابات کے حوالے سے کیس کا شارٹ آرڈر جار ی کیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصلہ پڑھ کر سنایا جو عدالت عظمیٰ نے ایک دن قبل پیر کو محفوظ کیا تھا۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ 22 مارچ کو جب الیکشن کمیشن نے انتخابات کے التوا کا فیصلہ کیا تو انتخابی عمل کے پانچ مرحلے مکمل ہوچکے تھے۔ الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کو انتخابات کرانے کا فیصلہ غیرآئینی طور پر کیا، آئین الیکشن کمیشن کے التوا کی اجازت نہیں دیتا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلہ سے 13 دن کا وقت ضائع ہوا ہے۔

سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن التوا کا الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو انتخاب کرانے کا حکم غیر آئینی قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے ۔الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر2023 کو انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ دے کر اختیارات سے تجاوز کیا۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ صدرِ پاکستان کی طرف سے دی گئی تاریخ کا فیصلہ بحال کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے