پشاور ( ہارون رشید) سیکیورٹی گارڈ مسعود نے اپنے ہی سپروائزر ثقلین بنگش کو قتل کر دیا، فائرنگ کے بعد سیکیورٹی گارڈ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ثقلین بنگش ہاسٹل کے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے زخمی ہوا جس کے بعد انہیں تشویشناک حالات میں اسپتال منتقل کردیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔
ڈی ایس پی کیمپس فضل ربی خان کے مطابق پشاور یونیورسٹی میں معمول کے مطابق سپروائزر ثقلین بنگش سیکیورٹی انتظامات چیک کر رہے تھے اور انٹرنیشنل ہاسٹل پر ڈیوٹی پر مامور نجی سکیورٹی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ مسعود سے گیٹ کھولنے کے دوران پستول گر کر فائر ہوگئی جس کے نتیجے میں سپروائزر زخمی ہوگیا۔
ڈی ایس پی فضل ربی نے مزید کہا کہ زخمی سپروائزر کو طبی امداد کے لئے خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جائے وقوع سے سے پستول پولیس قبضہ میں لے لیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی گارڈ فرار ہوگیا۔
یاد رہے کہ پشاور کے اسلامیہ کالج میں چوکیدار نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر کے کالج کے لیکچرار کو بھی قتل کردیا تھا جس کے بعد آج قتل کا یہ دوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔