لکی مروت (غلام اکبر مروت سے) عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ملک علی سرور خان نے کہا ہے کہ تجوڑی اور بیٹنی علاقے کے مسائل فوری حل کئے جائیں اور دھرنے کے جائز مطالبات مان لئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تجوڑی میں مروت بیٹنی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر معروف سوشل ورکر ملک وقار احمد خان، عدنان خان، انعام اللہ خان خوائیدادخیل، اختر گل بیٹنی، چیئرمین علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع لکی مروت کے مغربی علاقے تجوڑی اور ضم قبائلی علاقے بیٹنی کے عوام گزشتہ دو ہفتوں سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔
دھرنے کے منتظمین انعام اللہ خان، شاہد اللہ خان اور رفیع اللہ خان کے مطابق لکی مروت کو ہردور میں پسماندہ رکھا گیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہمیں آج بھی بنیادی حقوق حاصل نہیں، پشاور کراچی انڈس ہائی وے سے تجوڑی تک سڑک کی تعمیر کیلئے 56 کروڑ روپے منظور کئے گئے تھے۔ جس میں 45 کروڑ روپے کرپٹ مافیا سرکاری خزانے سے وصول کرکے ہضم کر چکی ہے جبکہ اب اسی سڑک کے نام پر سرکاری خزانے کو لوٹنے کیلئے کرپٹ مافیا نے مزید 52 کروڑ منظور کرلئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا نے حکومت سے 45 کروڑ روپے وصول کئے ہیں لیکن سڑک کی تعمیر پر ابھی دو کروڑ روپے بھی خرچ نہیں کئے۔ کرپشن روکنے والے ادارے مکمل خاموش ہیں سرکاری خزانے کو لوٹا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مروت اور بیٹنی اقوام نے مشترکہ تحریک برائے انسانی وآئینی حقوق شروع کی ہے جو "مروت بیٹنی قومی تحریک” کے نام سے تجوڑی میں ایری گیشن کالونی کے سامنے دھرنا دئیے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے کل چار مطالبات ہیں جس میں امن کا قیام، تجوڑی روڈ کی تعمیر، مروت کینال کی بحالی اور علاقے کو گیس کی فراہمی شامل ہے۔