صفحہ اول / آرکائیو / لیڈی ہیلتھ ورکرز اور آئی ایچ پیز کا واجبات کی عدم ادائیگی پر احتجاج

لیڈی ہیلتھ ورکرز اور آئی ایچ پیز کا واجبات کی عدم ادائیگی پر احتجاج

بنوں (آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) بنوں کے سینکڑوں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور آئی ایچ پیز کا چار ماہ سے بند تنخواہوں تیل کے پیسوں کی بندش اور مختلف مہمات کے دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف ڈی ایچ او آفس میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے حق کے لئے نعرہ بازی کی۔

مظاہرین ورکرز نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری گل ریاض خان، ایل ایچ ڈبلیو جنوبی اضلاع کی صدرکے فہمیدہ بیگم، ضلعی صدر روزینہ نورین، جنرل سیکریٹری نادیہ حسن اور پریس سیکریٹری فرحان و دیگر نے کہا کہ ہم انتہائی مشکل حالات میں گولیوں کا سامنا کرتے ہوئے عوام کی خدمت کر رہے ہیں انتہائی بد امنی میں بھی ہم نے قو م کے بچوں کی خاطر زندگی کو داؤ پر لگائی ہوئی ہوتی ہے لیکن نہایت افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے اس قربانی کا صلہ ایسی صورت میں دیا جا رہا ہے کہ ہم اپنی تنخواہوں کے لئے احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان حالات سے مزید تنگ آگئے ہیں اور احتجاج پر اتر آئے ہیں اور ہمیں اگر رمضان سے پہلے پہلے تنخواہ او ر دیگر واجبات نہ ملے تو ہم مجبورا آئندہ کے مہمات سے بائیکاٹ کریں گے اور کسی مہم میں حصہ نہیں لیں گے۔ اس کے علاوہ پولیو کی آنے والی مہم رمضان میں ہونے کی وجہ سے ہمارے لئے اس میں حصہ لینا مشکل ہے۔

اس دوران ڈی ایچ او ڈاکٹر رحمان آفریدی نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور ان کی اواز صوبے کو موقع پر پہنچائی اور ان کو یقین دہانی کرائی کے ایل ایچ ڈبلیو ہمارے تمام پروگرامات کی ضامن فورس ہے اور ہم اس کی قربانیوں کو کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کر سکتے جس پر مظاہرین نے احتجاج موخر کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے