صفحہ اول / آرکائیو / مروت بیٹنی قومی اتحاد تحریک کا احتجاج رنگ لے آیا، ڈپٹی کمشنر لکی مروت نے تجوڑی روڈ اور مروت کینال پر ایک ہفتے کے اندر کام شروع کرنے کی یقین دہانی کروادی

مروت بیٹنی قومی اتحاد تحریک کا احتجاج رنگ لے آیا، ڈپٹی کمشنر لکی مروت نے تجوڑی روڈ اور مروت کینال پر ایک ہفتے کے اندر کام شروع کرنے کی یقین دہانی کروادی

لکی مروت( غلام اکبر مروت) مروت بیٹنی قومی تحریک لکی مروت کی جانب سے ٹاون تاجہ زئی کے ساتھ احتجاجی دھرنا کیا گیا۔ جس میں مروت بیٹنی قومی تحریک کے قائدین مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مقامی قائدین اور لکی مروت کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جبکہ جمعیت علماء اسلام جنہیں عوام نے دوصوبائی اور ایک قومی اسمبلی کی نشست دی تھی، کے کسی مقامی یاضلعی رہنماء نے احتجاجی دھرنے میں شرکت نہیں کی۔ جس پر عوام کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔

ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے سامنے احتجاجی دھرنے میں تحصیل چیئرمین لکی مروت شفقت اللہ خان، سرائے نورنگ عزیز اللہ خان، غزنی خیل ذیشان محمد خان،سابق ایم پی اے ملک نورسلیم، اے این پی کے ضلعی صدر ملک علی سرور خان،پی ٹی آئی تحصیل لکی مروت صدر ڈاکٹر اقبال مروت،چیئرمین انعام اللہ خان،ملک وقار احمدخان، انعام اللہ خان خوائیدادخیل، شاہد اللہ خان، رفیع اللہ خان، اختر گل بیٹنی و دیگر مشران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی کی کوششوں سے تین ہفتوں سے جاری مروت بیٹنی آمن دھرنے کی شرکاء اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مزاکرات کامیاب ہوگئے۔
ضلع بھر قافلوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے دھرنے میں شرکت کی۔ اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔
مقررین نے ضلع بھر کے امن وامان کی ابتر صورتحال، گیس رائلٹی، مروت کینال کی بحالی، تجوڑی روڈ کی تعمیر مکمل کرنے، لکی سیمنٹ فیکٹری سے حقوق کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ مروت اور بیٹنی اقوام کو دانستہ طور پر ترقی سے محروم اور پسماندگی میں دھکیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے ضلع لکی مروت میں امن و امان کی ابتر صورتحال ہے تھانوں اور پولیس پر حملوں میں پولیس کا بھاری جانی اور مالی نقصان ہواہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ عوام میں شدید بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔
مروت بیٹنی قومی تحریک کا دھرنا گزشتہ تین ہفتے سے تجوڑی میں جاری تھا۔ اس سلسلے میں پلان بی پر عمل کرتے ہوئے احتجاجی دھرنے کو ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے سامنے منتقل کیا۔
ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالہادی کی زیر صدارت مذاکرات کا فائنل راونڈ ہوا، جس میں مذاکراتی کمیٹی و دھرنے مشران ، اے ڈی سی طارق ﷲ خان،اے سی سب ڈویژن بیٹنی نجم ﷲ داوڑ و دیگر نے شرکت کی۔
کامیاب مزاکرات کے بعد ڈپٹی کمشنر عبدالہادی نے دھرنے میں آکر ایک ہفتہ کے اندر مروت کینال کی کھدائی و بھل صفائی اور تجوڑی روڈ پر عملی کام شروع کرنے کا اعلان کیا۔
دیگر مطالبات چونکہ صوبائی اور وفاقی حکومت سے متعلق ہیں اس لئے دیگرتمام مطالبات پر من و عن عمل درآمد کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔
جس کے بعد دھرنا منتظمین نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے سامنے دھرنا ایک ہفتے کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے