اسلام آباد( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارغریب عوام کےلئے رمضان میں مفت آٹے کی فراہمی کا پیکج تیارکیا گیا ہے، مفت آٹے کی تقسیم شفاف طریقے سے یقینی بنائی جائے،رمضان میں پنجاب بھرکے ایک کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا،آٹے کی فراہمی کے دوران چوری روکنے کےلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان میں مفت آٹے کی تقسیم کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی، مشیر وزیراعظم احمد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں، مفت آٹا سکیم میں اپنی اہلیت ایس ایم ایس کے ذریعہ جانچی جاسکے گی۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت دیگر صوبوں کو بھی اس پروگرام میں معاونت فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم 25 شعبان سے 25 رمضان تک کی جائے گی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ آٹے کی تقسیم 8 ہزار 5 سو یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے کی جائے، عوامی سہولت کیلئے آٹے کی تقسیم کے مزید 20 ہزار پوائنٹس قائم کئے جائیں۔