صفحہ اول / آرکائیو / ہنگو میں کالعدم تحریک طالبان کے سہولت کار گرفتار، ڈکیتی کے ملزمان بھی گرفتار، اسلحہ برآمد، ڈی پی او آصف بہادر کی پریس کانفرنس

ہنگو میں کالعدم تحریک طالبان کے سہولت کار گرفتار، ڈکیتی کے ملزمان بھی گرفتار، اسلحہ برآمد، ڈی پی او آصف بہادر کی پریس کانفرنس

ہنگو ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل ) ڈی پی او ہنگو آصف بہادر نے اپنے دفتر میں ڈی ایس پی سٹی امجد حسین اور ایس ایچ او سٹی فیاض خان کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقہ تابوک بانڈہ سے کلعدم تحریک طالبان پاکستان کے سہولت کار رضوان کو گرفتار کر لیا ہے،

گرفتار سہولت کار ہنگو ضلع کے اہم اور صاحب ثروت لوگوں کا ڈیٹا اور فون نمبرز گھروں کی تصاویر اور لوکیشن سرحد پار ٹی ٹی پی قیادت کو فراہم کرتا تھاجس کی روشنی میں متعلقہ افراد کو دھمکی آمیز فون آتے تھے اور ان سے بھاری بھتے کے مطالبات کیے جاتے تھے، گرفتار سہولت کار کو مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو آصف بہادر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس ایچ او دوآبہ محمود عالم خٹک نے ایک عام اشتہاری موسی خان کو گرفتار کیا جس سے تحقیقات کے دوران اہم انکشافات ہوئے جن کی روشنی میں ان کے ٹھکانے سے اسلحہ برآمد کیا گیا جس میں 3 ہینڈ گرنیڈ، رائفل، ایچ ایم جی کے بکس، خالی میگزین اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز قبل چمبہ گل روڈ جو کہ تقریبا سنسان رہتا ہے اس روڈ پر مسلح گینگ نے گاڑی روک کر ڈکیٹی کی، اس کیس کو ڈی ایس پی امجد حسین اور ایس ایچ او فیاض خان نے احسن انداز میں حل کیا اور پورے گینگ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چھینی گئی رقم اور موبائیل برآمد کر لیے جبکہ تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ ہنگو میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کیا ہے اور ان کے قبضے سے 3 پستول، 1 کلا کوف، اور کارتوس برآمد کر لیے۔ ڈی پی او ہنگو آصف بہادر نے کہا کہ اس گینگ کی گرفتاری کے بعد چمبہ گل روڈ مکمل محفوظ بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنگو پولیس دن رات عوام کو تحفظ فراہم کرنے، اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی میں مصروف ہے اور اس کی کوششوں کے نتیجہ میں آج ہنگو ہر لحاظ سے پر امن ضلع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنگو کے صحافیوں نے بھی پولیس کے شانہ بشانہ امن، سماجی ترقی اور مختلف سوچ کے طبقات میں ہم آہنگی کے لیے کام کیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے