جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈا میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید،7 جوان زخمی،2 کی حالت تشویشناک ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بریگیڈیئر برکی اور ان کی ٹیم نے مقابلے کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور پاک فوج کے اس سینئر افسر نے مادر وطن کے امن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا تعلق انٹر سروسز انٹیلی جنس سے تھا۔شہید بریگیڈیئر برکی نے اے پی ایس حملے میں ملوث دہشتگردوں کے خاتمہ میں کردار اداکیا۔بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی نے 12 اکتوبر 1995 کو فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔
بر یگیڈیئر برکی کے سوگواران میں، اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔انگور اڈا کے مقام پردہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں 7 سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں میں 2 کی حالت تشویشناک ہے۔آئی ایس پی آر کےبیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی دفاعی افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملک کے ہر انچ سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کا بھرپور عزم کا اظہار کرتی ہیں۔