صفحہ اول / آرکائیو / اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اورگلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت 6.8 ریکارڈ

اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اورگلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت 6.8 ریکارڈ

اسلام آباد( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) جڑواں شہروں راولپنڈی و اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان ، گلگت بلتستان ،آزاد جموں و کشمیر و مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، لوگ خوفزدہ ہو کرکلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی شب کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں راولپنڈی، پشاور، کوہاٹ، صوابی،لاہور ، کوئٹہ، بہاول پور ،لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ہنگو، اورکزئی، پارا چنار، کرک ،لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ ،اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں اور دفاتر سے باہر آ گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی ، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا، اب تک کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان ،کرغزستان میں بھی محسوس کئے گئے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے ہسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر پولی کلینک اور پمز ہسپتال میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے