پشاور( ہارون رشید) گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو صوبے میں انتخابات ملتوی کرنے کے لئے خط لکھ دیا۔
خط میں گورنر کے پی نے صوبے میں دہشت گردی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، جنوبی وزیرستان میں سرحد پارسے فائرنگ ہوئی، کوہاٹ میں آرمی کی گاڑی پر حملہ ہوا۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ جنوبی وزیرستان، باڑہ، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی حملے ہوئے جس میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی اور 3 فوجی اہلکار شہید ہوئے۔
گورنر غلام علی نے چیف الیکشن کمشنر کو تجویز دی کہ پنجاب کے انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے، لہٰذا خیبر پختونخوا کے انتخابات بھی 8 اکتوبر کو کرائے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے نفری کی کمی، اور ملک میں تواتر سے جاری دہشت گردی کی کارروائویں کو جواز بنا کر پنجاب میں انتخابات ملتوی کیئے ہیں۔