نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کےدرمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل (ہفتہ کو )ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں میزبان کیوی ٹیم نے آئی لینڈرز کے خلاف کلین سویپ کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان سری لنکن ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 58 رنز سے ہرا کر سیریز کلین سویپ کرلی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ تھی ۔دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے علاوہ آئی لینڈرز میزبان کیوی ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز کل آکلینڈ میں پہلے ون ڈے میچ سے ہوگا اور بقیہ دو میچ بالترتیب 28 اور 31 مارچ کو کھیلے جائیں گے ۔بعدا زاں تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 2 اپریل سے آکلینڈ میں ہوگا جبکہ بقیہ دو ٹی ٹونٹی میچز بالترتیب 5 اور 8 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔