صفحہ اول / آرکائیو / شہباز شریف قطر میں اقوام متحدہ کی پانچویں کانفرنس میں شرکت کریں گے

شہباز شریف قطر میں اقوام متحدہ کی پانچویں کانفرنس میں شرکت کریں گے

اسلام آباد ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) وزیراعظم محمد شہباز شریف 5 اور 6 مارچ کو قطر میں منعقد ہونے والی کم ترقی یافتہ ممالک (ایل ڈی سیز) کے حوالے سے اقوام متحدہ کی پانچویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کو قطر کے دورہ کی دعوت قطر کے امیر کی جانب سے دی گئی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق کانفرنس کا انعقاد 5 تا 9 مارچ 2023 کو ہوگا جس میں کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کے فروغ کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا عالمی رہنما عالمی امدادی کارروائیوں کو متحرک کریں گےتاکہ ان ممالک کو خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکے۔

اپنے دورہ کے دوران کانفرنس میں شرکت کے علاوہ وزیراعظم محمد شہباز شریف دوحہ میں مختلف عالمی رہنماؤں، وفود کے سربراہوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ کانفرنس میں بین الاقوامی رہنما کم ترقی یافتہ ممالک کی معاونت کے حوالے سے بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے اقدامات کا جائزہ لیں گے جن پر ترقیاتی شراکتداروں کی جانب سے اتفاق کیا گیا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر عالمی سطح پر پائیدار ترقی کے فروغ کے اقدامات کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

سال 2022 کے دوران جی 77 اور چین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان نے ایل ڈی سیز کی امداد کے حوالے سے موثر اقدامات کو یقینی بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ قطر میں کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں کے تحت ہو رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کانفرنس میں شرکت سے کم ترقی یافتہ ممالک کی پاکستان کی جانب سے سپورٹ میں مدد ملے گی جس سے ایل ڈی سیز کی معاشی اور سماجی ترقی و خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے 2030 کے ساؤتھ ساؤتھ کوآپریشن فریم ورک اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے ایجنڈا کے تحت موثر بین الاقوامی شراکتداری کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے