صفحہ اول / آرکائیو / وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے زیراہتما م کانفرنس سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے زیراہتما م کانفرنس سے خطاب

دوحہ (آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ کم ترقی یافتہ ممالک کے عوام کی ترقی کےلئے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے،کم ترقی یافتہ ممالک کےلئے قرض کی شرائط کو آسان کیا جائے ، عوام کو سماجی تحفظ کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے،پاکستان دوحہ پروگرام آف ایکشن کے نفاذ کی بھرپور حمایت کرتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے قطرکی طرف سے اس کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اورقطر کے مابین دیرینہ خوشگوارتعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک کی پائیدارترقی کےلئے کانفرنس کا انعقاد بروقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدتبدیلیوں کے اثرات نے کم ترقی یافتہ ملکوں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے، ہمیں مل کر کم ترقی یافتہ ملکوں کے عوام کی ترقی کےلئے اقدامات کرنا ہوں گے،پوری دنیا میں لوگوں کی بڑی تعداد کو غربت اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سماجی اوراقتصادی ترقی کےلئے اس فورم کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان اس فورم سمیت تمام اہم فورمز پر کم ترقی یافتہ ملکوں کی آوازکو اجاگرکرتا رہے گا۔ انہوں نے کم ترقی یافتہ ممالک کےلئے ویکسین کی فراہمی کو تسلسل کے ساتھ یقینی بنانے پر زوردیا ، انہوں نے تجویز دی کہ کم ترقی یافتہ ممالک کےلئے قرض کی شرائط کو آسان کرنا چا ہئے اور عوام کو سماجی تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئے۔

انہوں نے کم ترقی یافتہ ممالک کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی آسان بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اورعلم ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دوحہ پروگرام آف ایکشن کے نفاذ کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں متحرک کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کے اہداف کے حصول کےلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے