صفحہ اول / آرکائیو / پی ایس ایل ایٹ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اہم میچ میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی،جیسن روئے کی 145رنز کی طوفانی اننگز

پی ایس ایل ایٹ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اہم میچ میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی،جیسن روئے کی 145رنز کی طوفانی اننگز

راولپنڈی( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) پی ایس ایل 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اہم میچ میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں جانے کی امیدیں برقرار رکھیں، گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف 241 رنز جیسن رائے کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 18.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، جیسن رائے نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلتے ہوئے 63 گیندوں پر 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 145 رنز بنائے، اس شاندار اننگز کی بدولت انہوں نے ٹی 20 کیریئر کے 8 ہزار رنز بھی مکمل کر لئے، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا، پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی 115 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، زلمی کو آٹھویں میچ میں چوتھی شکست ہوئی ، گلیڈی ایٹرز کی یہ 9 میچ کھیل کر تیسری کامیابی ہے۔

بدھ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، صائم ایوب اور بابر اعظم نے پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ میں 162 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی ، صائم ایوب نے 34 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے، بابر اعظم نے اپنا روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے پی ایس ایل کی پہلی اور کیریئر کی آٹھویں سنچری سکور کی، انہوں نے 65 گیندوں پر 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنائے، رومین پائول 35 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، اس طرح پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے، گلیڈی ایٹرز کی طرف سے واحد وکٹ ڈیوائن پریٹوریئس نے حاصل کی،

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف جیسن رائے کی غیر معمولی بیٹنگ کی بدولت 18.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، جیسن رائے نے شروع سے آخر تک برق رفتاری سے بیٹنگ کی اور حریف ٹیم کے بائولرز کی خوب پٹائی کی، انہوں نے 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 145 رنز بنائے، یہ ان کے ٹی 20 کیریئر کی بہترین اننگز ہے اور ساتھ ہی انہوں نے 8 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کر لیا، دیگر بیٹرز میں محمد حفیظ 41 ، ول سمیڈ 26 اور مارٹن گپٹل 21 رنز بناکر نمایاں رہے، پشاور زلمی کی یہ 8 میچ کھیل کر چوتھی شکست ہے اور وہ ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ گلیڈی ایٹرز 9 میں سے 3 میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے