لکی مروت ( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے مردم شماری ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کو جان سے ماردیا۔ وہ پیروالا میں مردم شماری ٹیم کی حفاظت پر مامور تھا۔
شہید پولیس اہلکار ایل۔ایچ۔سی کانسٹیبل دل جان کی نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر بنوں سید اشفاق انور، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت محمد اشفاق خان، پاک فوج کے کرنل شاہد، ڈپٹی کمشنر عبدالہادی ، ایس پی انویسٹی گیشن مرادخان، ایس پی ایف ار پی ڈیرہ اسماعیل خان عارف خان ، پاک فوج کے افسران سمیت ضلع بھر کے پولیس آفسران ،جوانوں اور دیگر سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ شہید پولیس اہلکارکو آج تھانہ صدر کی حدود پیر والہ گاؤں میں نامعلوم شرپسندوں نے دوران ڈیوٹی فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔شہید کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے وانڈہ رحمانی خیل ڈیرہ اسماعیل خان روانہ کر دیا گیا ہے۔ جہاں پر شہید کو پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں ریجن، بنوں سید اشفاق انور نے شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہید کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اور ورثاء کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو عنقریب کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ دہشتگرد عناصر اس طرح کی کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔