اسلام آباد( آن لائن پاکستان ڈیجیٹل) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہےکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مفت آٹے کیلئے ایسے اہل افراد جو رجسٹرڈ نہیں ان کی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے،آٹا تقسیم پوائنٹس پر نادرا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام رجسٹریشن کیلئے اپنے کاونٹرز قائم کریں،رمضان کے دوران غریب طبقے کی مشکلات میں جہاں تک ممکن ہو سکے کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،مفت آٹے کی تقسیم 25 رمضان تک جاری رہے گی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رمضان پیکیج پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء شازیہ مری، مریم اورنگزیب مشیرِ وزیر اعظم احد چیمہ، وزیرِ اعلی پنجاب سید محسن نقوی اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مفت آٹا سکیم پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں جاری ہے جس سے اہل خاندانوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں آٹا تقسیم پوائنٹس شادی ہالز میں بنائے گئے ہیں جہاں لوگوں کو انتظار کے دوران مشکلات کا بالکل بھی سامنا نہیں۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم نے لاہور اور قصور میں آٹا تقسیم پوائنٹس کا دورہ کیا تھا جہاں انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔وزیرِاعظم نے پنجاب، خیبر پختونخوا حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ کے اس پروگرام میں شامل تمام اداروں و اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا۔